حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔آزاد جموں وکشمیر میں انوار الحق کی حکومت خطرے میں پڑھ گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی تیار کر لی جبکہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے حکومت سے علیحدگی اور اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کر دیا۔ مسلم لیگ ن نے نئی حکومت سازی میں حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اپنے بنیادی نصب العین کے مطابق تحریکِ آزادی جموں و کشمیر، آزاد خطے کے عوام، مہاجرینِ مقیم پاکستان اور بیرونِ ملک بسنے والے کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے عبوری آئین ایکٹ 1974ء کے تحت اپنا جمہوری اور سیاسی کردار پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کر رہی ہے۔
شاہد غلام قادر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اور مہاجرینِ مقیم پاکستان میں اپنے نظریات، سیاسی کردار اور عوامی خدمت کی بدولت ایک منظم اور مقبول جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔پارٹی قیادت آزاد جموں و کشمیر میں جاری آئینی و سیاسی بحران پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔اگرچہ اس بحران کی براہِ راست ذمہ دار مسلم لیگ (ن) نہیں، تاہم جماعت نے ہمیشہ عوامی فلاح، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اس کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتی رہے گی۔مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام فورمز پر متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اب انوارالحق حکومت کا حصہ نہیں رہے گی اور آئندہ اپوزیشن کی حیثیت سے اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرے گی۔
شاہ غلام قادر کے مطابق جماعت کسی بھی غیر فطری حکومت سازی کی کوشش کا حصہ نہیں بنے گی، اور اگر کوئی فرد یا گروہ ایسی سوچ رکھتا ہے تو وہ جماعتی پالیسی سے انحراف کا مرتکب تصور ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی کوئی تحریکِ عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ اْن کا جمہوری و آئینی حق ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) کسی نئی حکومت کے قیام میں شریک نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کا مؤقف ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں ایک مضبوط، مستحکم اور عوامی اعتماد پر مبنی حکومت صرف نئے عام انتخابات کے ذریعے ہی قائم ہو سکتی ہے۔
شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ ایسی حکومت ہی عوام کے مسائل حل کرنے، ترقی و تعمیر کے سفر کو ازسرِنو شروع کرنے، گورننس کو بہتر بنانے اور پاکستان کے ساتھ نظریاتی و فکری رشتوں کو مزید مضبوط کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پارٹی آئندہ عام انتخابات میں بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔انہوں نے عوام، مہاجرینِ مقیم پاکستان اور کارکنان کو یقین دلایا کہ قائد محترم میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور میاں محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ایک مستحکم حکومت تشکیل دے گی۔