نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے لیڈر پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر کا انتہائی مشکور ہوں، اس نے مجھ جیسے ادنی کارکن جو مڈل کلاس سے تعلق رکھتا ہے، جس کا نہ کوئی بھائی نہ بچہ سیاست میں ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ زرداری یا بھٹو نہیں ہے، اپنی محنت کرکے اس عہدے تک پہنچا ہوں، میں اپنے قائد کا اس لئے بھی شکر گزار ہوں میرا تعلق قبائل سے ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ یہ ہیں، میرے نام کے ساتھ آفریدی ہے، میرے نام کا اعلان ہوا تو اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ تذلیل کی گئی، ان کا رویہ ہے کہ قبائل ہمیشہ پیچھے رہیں گے۔
سہیل آفریدی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ 78 سال سے اس مائنڈ سیٹ کے ساتھ ہم پر حکومت کر رہے ہیں، میرا قائد جانتا تھا کہ قبائل کئی سالوں سے پیچھے ہیں، میرے چیئرمین کا کہنا ہے کہ کوئی بھی جس کے نام کے ساتھ بھٹو یا زرداری کا نام لگا ہے، صرف اس کو موقع نہیں دیتا، بلکہ وہ اس کو موقع دیتا ہے جو محنت کرکے یہاں تک آیا، میں پاکستان کی سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ جو ہمارا سوشل میڈیا ہے اس کا بھی شکر گزار ہوں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے حق کے لیے اپنی نوکریاں گنوادیں، میں شہید ارشد شریف کا بھی شکر گزار ہوں جس نے راہ حق کے لئے اپنی جان گنوا دی۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے جس طرح ایک آواز پر استعفیٰ دیا اور جس طرح آج ایوان میں کہا کہ اپنے لیڈر کے کہنے پر استعفیٰ دیا تو آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جو ہماری پگڑیاں اچھال رہے ہیں ان کی اپنی لنگوٹیا پھٹی ہوئی ہیں، میں اپنے لیڈر کو پیغام دینا چاہتا ہوں میں آپ کا عاشق ہوں، اور لوگ سیاست کرتے ہیں لیکن میں آپ سے عشق کرتا ہوں۔
نو منتخب وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آپ نے جس طرح قبائل کو شعور دیا اور بہادری ڈالی تو یقین دلاتا ہوں کہ یہ خیبرپختونخوا صرف چیئرمین کا ہے، پارٹی کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تمام پی ٹی آئی کارکنوں کو جو باہر ہیں یا ملک میں ہیں، ان کو یقین دلاتا ہوں قائد کی رہائی کے لئے آج سے اقدام اٹھانے شروع کردیے ہیں، چیئرمین کی اہلیہ جو باپردہ خاتون ہے، سیاست سے ان کا تعلق نہیں، ان کے لیے بھی سب سے پہلے کام کروں گا۔ آج تک چیئرمین کی رہائی کے لیے جو اقدامات نہیں ہوئے وہ کرکے دکھاؤں گا، قائد کی رہائی کے لیے احتجاجی سیاست کا چمپیئن ہوں، کیونکہ میرے پاس کچھ کھونے کا نہیں ہے، نہ گاڑیاں نہ کچھ اور، کرسی کو اپنے لیڈر کے لئے ایک لات دونگا، کوئی یہ نہ سمجھے کہ مجھے کوئی سیلوٹ کرے گا اور میں اس تخت و تاج کے لئے اپنے مقصد سے ہٹ جاؤں گا تویہ ان کی بھول ہے، میں اپنے لیڈر کے احکامات پر فوری لبیک کروں گا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کچھ روز سے افواہیں ہیں کہ چیئرمین عمران خان کی جیل کو تبدیل کیا جارہا ہے، اگران کی فیملی کی مرضی کے بغیر ایسا کیا تو سارے پاکستان کو جام کردوں گا، میرے لیڈر نے امن و جمہوریت کا خواب دیکھا تھا لیکن بدقسمتی سے ایبسولیوٹلی ناٹ اور اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے پر میرے قائد کی حکومت گرائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ اس خطے کے تمام بچے و خواتین صرف چیئرمین سے محبت کرتے ہیں لیکن لندن پلان کے ذریعے دہشتگردی لائی گئی، ہم نے بتایا بھی کہ ایک بار پھر پختونوں کے سر کی قیمت لگائی جارہی ہے لیکن مراد سعید پر الزام لگایا گیا، جب ہم چیخ رہے تھے کہ یہاں دہشت گرد لائے جارہے تھے لیکن اس وقت آپ نے سنا نہیں اسوقت آپ جھوٹے تھے یا آج ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے اپنے دور حکومت میں ان کو سنبھالا اور کھانے ودیگر انتظام کیا، یہ پالیسی ہوتی ہے، جو بھی افغان پالیسی بنائی جائے یہاں کے نمائندوں، حکومت کو اعتماد میں لیں،ان مارٹر گولوں میں ہمارے بچے شہید ہو رہے ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ ہماری قوم اس پر بہت خفا ہے، یہاں ایسی پالیسی لائیں گے کہ کوئی قانون سے مبرا نہیں ہوتا، ان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہوگا، پشتون تحفظ موومنٹ کو بین کیا گیا ہے، لوگوں کو شیڈول فور میں ڈالا گیا ہے، میں مرکزی حکومت سے بات کروں گا جو اپنا حق مانگتے ہیں ان کو شیڈول فور میں کیسے ڈالا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ 9 مئی تحریک انصاف کے خلاف بدنام کرنے کا آپریشن تھا، ہمارے کارکنوں کو دبانے کے لیے کیا گیا، پورے پاکستان میں تو کچھ نہیں کرسکتا لیکن میں ریڈیو پاکستان کی انکوائری مقرر کرتا ہوں، عوام ہی ریاست ہیں، اور اس وقت ریاست چیئرمین کے ساتھ کھڑی ہے، عوام نے آٹھ فروری کو صرف چیئرمین کے حق میں فیصلہ کیا ہے، بدقسمتی سے لوگوں کو بتانا ہے کہ کس قسم کی دھاندلی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ کی رپورٹ سب کو بھجوادوں گا، آٹھ فروری کی دھاندلی کی بھی انکوائری کرواؤں گا، ہمارے کارکنوں کو احتجاج پر مارا گیا، آج بھی انہوں نے تحریک لبیک کے کارکنوں پر گولیاں برسائیں، یہ بند کمروں کے فیصلے اور غلط مشاورت آپ کو بند راستوں کی طرف لے جا رہی ہے، میں تحریک لبیک کے کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔