عمران خان کا حکم، علی امین گنڈپور مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ ہوں گے

حال نیوز۔۔۔۔عمران خان بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے حکم پر علی امین گنڈاپور نے وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے، پاکستان تحریک انصاف قیادت کی جانب سے ان کی جگہ سہیل آفریدی کو خیبرپختونخوا کا نیا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی امانت تھی اور ان کے حکم پر امانت واپس کرکے وزارت اعلیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل رہے گی، ہم عمران خان بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہو کر آگے بڑھیں گے۔

پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کیلئے سہیل آفریدی کونیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کر دیا ہے۔ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور وہ 12 جولائی 1989 کو پیدا ہوئے۔انہوں نے معاشیات میں گریجویشن کیا اور اپنے سیاسی سفر کا آغاز پاکستان تحریکِ انصاف سے کیا۔سہیل آفریدی انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر بھی رہ چکے ہیں۔سال 2024 کے عام انتخابات میں وہ رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ سہیل آفریدی تعلیم سمیت مختلف حکومتی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے استعفے پر من و عن عمل کیا جائے گا، یہ فیصلہ خود عمران بانی پی ٹی آئی کا ہے اور اس پر عملدرا آمد میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اس وقت دہشتگردی کی بدترین لہر سے گزر رہا ہے اور اس سال صوبے میں دہشتگردی کے ریکارڈ واقعات پیش آئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو اورکزئی واقعے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے، اور یہی واقعہ تبدیلی کے فیصلے کی بڑی وجہ بنا۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ دو سال سے غلط پالیسی اپنائی ہوئی ہے جس سے خیبر پختونخوا کو الگ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پالیسی“جنگ و جدل”کی ہے، اور جب تک اس مسئلے کے تین اسٹیک ہولڈرز فاٹا کے عوام، افغان حکومت اور افغان عوام کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا، امن قائم نہیں ہوسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کے خلاف حالیہ اقدامات نے نفرت کے بیج بوئے ہیں، جو چالیس سال کی میزبانی کے بعد ایک ناقابلِ معافی غلطی ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو امید ہے کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبر پختونخوا میں ایک نئی شروعات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی پرطالبان نوازہونے کا الزام لغو اور بے بنیاد ہے وہ دراصل پختون روایات اور امن کے داعی ہیں۔ بیرسٹر سلمان کا کہنا تھا کہ نئے وزیراعلیٰ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں سے فاصلہ رکھیں، اور واشگاف الفاظ میں بتائیں کہ کے پی اب ان پالیسیوں کی حمایت نہیں کرے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.