برسالی میں قومی شجر کاری مہم کا افتتاح، ڈپٹی کمشنر بھمبر کا ماحولیاتی تحفظ پر زور

برسالی میں قومی شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر بھمبر، چوہدری حق نواز نے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر بھمبر ثمر اقبال، چیئرمین بھمبر ڈویلپمنٹ فورم افتخار ساجد عظیمی، چوہدری عتیق الرحمن اور چیئرمین چوہدری محمد بشیر عابد نے بھی پودے لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے پھول پیش کر کے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب میں علاقے کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات، بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل سے بچنے کے لیے شجر کاری وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک درخت لگانا صدقۂ جاریہ کے مترادف ہے اور ہر شہری کو اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، تاہم عوام کی شمولیت کے بغیر یہ کوششیں ادھوری ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔شرکاء نے بھی اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پودے لگانے اور ان کی حفاظت کو عوامی مہم کی صورت میں فروغ دیا جائے گا تاکہ آنے والی نسلوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

You might also like

Comments are closed.