11 اگست 2025ء
راولپنڈی ( ) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور جائیکا کے باہمی اشتراک سے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے اساتذہ کے لیے 3 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا۔جس میں مرکزی سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر جبران بلوچ، ٹرینر ماریہ ریاض، ٹرینر محمد الیاس سمیت وسطی پنجاب ، جنوبی پنجاب اور لاہور کے چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کے اساتذہ شریک ہوئے۔سید وقاص جعفری نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا اور روایتی تدریسی طریقوں کے بجائے نئے اور تخلیقی انداز اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن نے جائیکا جاپان کے اشتراک سے یہ ٹریننگ ورکشاپ منعقد کی۔
تین روزہ تربیت کے دوران اساتذہ نے بچوں کو سرگرمیوں کے ذریعے کھیل کھیل میں تعلیم دینے کے جدید طریقے سیکھے، جس سے طلبہ میں سیکھنے کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت پاکستان میں دو کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ اس صورتحال میں الخدمت فاؤنڈیشن خاص طور پر ان بچوں کو ہدف بنا رہی ہے جو ورکشاپس، ہوٹلوں میں کام کرتے ہیں یا کچرا چن کراپنے گھر کا خرچ اٹھاتے ہیں۔ ایسے بچوں کے لیے الخدمت نے ملک بھر میں 64 چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز قائم کیے ہیں جن میں 2,254 بچے زیرتعلیم ہیں، جبکہ ان میں سے 416 بچے باقاعدہ اسکولوں میں داخل ہوچکے ہیں۔چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں زیرتعلیم بچوں کو کتب، سکول بیگ اور جوتے فراہم کیے جاتے ہیں، سردیوں میں گرم جیکٹس اور کمبل دیے جاتے ہیں، جبکہ سال بھر دوپہر میں ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ سید وقاص جعفری نےکہا کہ حکومت پاکستان اور جائیکا کے تعاون سے الخدمت فاؤنڈیشن کو نان فارمل ایجوکیشن انفارمیشن سسٹم پر رسائی حاصل ہوچکی ہے، جس میں 114 اداروں کا ڈیٹا موجود ہے اور اب الخدمت کے تمام چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز اور طلبہ کا ریکارڈ بھی اس سسٹم میں شامل کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹرینرز نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی اسٹریٹ چلڈرن کے لیے تعلیم کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ان بچوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہوتی ہے، اگر انہیں صحیح سمت دکھا دی جائے تو یہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں۔
انعام الحق اعوان
سینئرمیڈیاریلیشنزآفیسر
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان
0300-5365271
Comments are closed.