گلگت :
دنیور نالہ میں واٹر چینل کی بحالی کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں کی اموات پر ایمان شاہ، معاون خصوصی برائے اطلاعات حکومت گلگت بلتستان نے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی سکریٹری داخلہ، ڈی جی جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کے فوری احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔
معاون خصوصی ایمان شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے صوبائی سکریٹری صحت کو زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کے لیے تمام تر سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
معاون خصوصی نے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دنیور نالے میں جانبحق ہونے والے رضاکاروں کے لواحقین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
Comments are closed.