اسلام آباد۔9اگست :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوریہ آذربائیجان اور جمہوریہ آرمینیا کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی سرپرستی میں وائٹ ہاو ¿س سمٹ میں تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے، یہ تاریخی پیشرفت کئی دہائیوں سے تنازعات اور انسانی مصائب کے شکارخطے میں امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ایکس “پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہم صدر الہام علیوف اور آذر بائیجان کے عوام کو اس تاریخی معاہدے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، ان کے خطے کے پرامن مستقبل کا یہ راستہ دانشمندی، دور اندیشی اور تدبر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آذر بائیجان کی برادر قوم کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ہم تاریخ کے اس قابل فخر لمحے میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ایک معاہدے تک پہنچنے میں امریکا کے سہولت کار کردار کی بھی تعریف کرتے ہیں جو تجارت، رابطے اور علاقائی انضمام کی نئی راہیں کھولتا ہے۔ انہوں نےاس امید کا بھی اظہار کیا کہ باہمی بات چیت (مذاکرات) کا یہ جذبہ طویل تنازعات کا سامنا کرنے والے دوسرے خطوں کے لیے بھی ایک مثال ثابت ہوگا۔
Comments are closed.