ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کا سیلاب سے متاثرہ برگے نالہ کا دورہ — نقصانات کا جائزہ اور متاثرین سے ملاقات
ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان عبد الوحید شاہ نے ڈپٹی کمشنر سکردو کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقے برگے نالہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فاپہ اور کھرپتو میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کھرپتو چھومک ٹینٹ ویلیج میں قیام پذیر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات، جن میں پانی، بجلی، ادویات اور راشن شامل ہیں، کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے ہدایات دی کہ متاثرہ گھروں، فصلات اور دیگر املاک کے نقصانات کی فہرست فوری طور پر مکمل کر کے حکامِ بالا کو ارسال کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشاندہی کے بعد قدیمی آبی گزرگاہوں کو واگزار کیا جائے تاکہ مستقبل میں جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت متاثرین کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے نقصانات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبہ جات میں جاری امدادی اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
مزید برآں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے 250 بیڈ ہسپتال سکردو کا بھی دورہ کیا، جہاں پروجیکٹ ڈائریکٹر نے انہیں ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
Comments are closed.