بلتستان کے مثالی امن و امان میں علمائے کرام اور مشائخ عظام کا کردار قابل تحسین ہے: ڈپٹی کمشنر سکردو
ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے معزز علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع بھر میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم بنانا اور چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینا تھا۔
اجلاس میں شریک علمائے کرام نے اس امر پر زور دیا کہ بلتستان الحمدللہ، ملک کے پُرامن ترین خطوں میں شمار ہوتا ہے اور یہاں بین المسالک ہم آہنگی مثالی ہے۔ علماء کرام نے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، غیر مقامی افراد کی نگرانی، اور چیک پوسٹوں پر سخت چیکنگ و دیگر انتظامی امور کو بہتر بنانے کی تجاویز پیش کیں۔ علاوہ ازیں، معاشرتی برائیوں کے خاتمے، علاقائی ترقی، اور بھائی چارے کے فروغ کے حوالے سے بھی قیمتی آرا
دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل، بین المذاہب ہم آہنگی، اور علاقائی ترقی کے حوالے سے مؤثر روابط قائم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں، جن میں سکیورٹی، پانی، بجلی، صفائی، طبی سہولیات اور دیگر اہم امور شامل ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے اسد عاشورہ کے انتظامات اور چہلم کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کو سراہا اور آپس میں باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Comments are closed.