کراچی06 اگست ۔ڈائریکٹر جنرل ہیومین سیٹلمنٹ اتھارٹی انجنیئر کاشف خان نے یومِ آزادی پاکستان اور معرکۂ حق کی مناسبت سے 14 اگست 2025 تک خصوصی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، بینظیر آباد، سکھر اور میرپورخاص کے فیلڈ آفسز میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔اس سلسلے میں اتھارٹی کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہر فیلڈ آفس میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے تقریبات، پرچم کشائی، شجر کاری، اور روشنی (لائٹنگ) کا خصوصی انتظام کیا جائے۔مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام فیلڈ آفسز میں کچی آبادیوں میں شجر کاری مہم چلائی جائے اور دفاتر کو قومی جذبے کے مطابق سجایا جائے۔اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں افسران و عملہ شرکت کرے گا۔ہیومین سیٹلمنٹ اتھارٹی کا یہ قدم نہ صرف حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دے گا بلکہ عوامی بستیوں میں ماحول دوست شعور اجاگر کرنے کا بھی باعث بنے گا۔
Comments are closed.