یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا

کوئٹہ 05اگست۔ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا مقصد بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے غیرقانونی اقدام کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ سے ہوا، جو مختلف اہم شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اسمبلی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سینئر رہنما زاہد صفی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی، سول سوسائٹی، طلبہ، سیاسی و سماجی کارکنوں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کےاختتام پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراج تحسین پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر سال 5 اگست کو “یومِ استحصالِ کشمیر” کے طور پر مناکر دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا غیر آئینی اقدام ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ اس روز کشمیریوں کے بنیادی انسانی، سیاسی اور آئینی حقوق کو پامال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر فورم پر مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ ہم مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے پرعزم ہیں اور ہم ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، افواج اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انشاء اللہ ایک دن انہیں آزادی کا سورج ضرور نصیب ہوگا۔

You might also like

Comments are closed.