سکرنڈ (رپورٹ راج کماراوڈ) پورے ملک کی طرح سکرنڈ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر یوم استحصال منایا گیا۔ اس سلسلے میں تعلقہ انتظامیہ نے ای سی آفس سکرنڈ میں قومی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ رمیز راجہ بلوچ نے قومی پرچم لہرایا جبکہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر رمیز راجہ بلوچ کی قیادت میں کشمیریوں کی حمایت میں نعرے لگائے گئے۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں ہمدرد سپورٹ پروگرام کے چیئرمین قاضی جاوید سنائی، سینئر صحافی رضا محمد سیال، عابد بھٹی علی شیر انڑ، مشتاق احمد کبیر، غلام نبی ملہاح رفیق جلبانی اور دیگر شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر رمیز راجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 35A اور آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے متنازعہ خطے کو اپنے ساتھ الحاق کر لیا۔ جموں و کشمیر کو آئین کے ذریعے ریاست کا حصہ قرار دیا گیا ہے جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر کے مظلوم کشمیری عوام پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی ادارے کشمیری بھائیوں کو بھارتی فوج کے ظلم و ستم سے نجات دلائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کا دن منانے کا مقصد بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی مذمت اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھایا جا سکے۔
Comments are closed.