ضلع چمن میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا،

چمن 2اگست: ضلع چمن میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، ڈی سی چمن نے کہا ہے کہ پوری ضلع میں پانچ اگست کو یوم استحصال کشمیر سرکاری سطح پر شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں شہر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف مقامات پر اظہار یکجہتی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کو سختی سے ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ یوم استحصال کے حوالے سے تمام انتظامات کو مکمل کریں اور ان تقریبات میں مختلف طبقہ ہائے فکر، سیاسی و سماجی رہنما، طلباء، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی افواج کے مظالم، جبری قبضے، انسانی حقوق کی پامالی اور غیر آئینی و غیر اخلاقی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ بھارت نے جس طرح 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، عالمی برادری کو اس ظلم کا نوٹس لینا چاہیے۔ ڈی سی چمن نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت ہر فورم پر کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یوم استحصال کا مقصد عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔

You might also like

Comments are closed.