حال نیوز۔۔۔۔انڈین کرکٹ بورڈ کے چیئرمین راجیو شکلا نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سے ایشیاء کپ کی ٹرافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے دوران ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی اور انڈین کرکٹ بورڈ کے سربراہ راجیو شکلا کے درمیان ایشیاء کپ کی ٹرافی کے حوالے سے دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آیا۔
اجلاس کے دوران راجیو شکلا نے محسن نقوی سے ٹرافی بھارت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم یہ معاملہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہ تھا۔محسن نقوی نے راجیو شکلا سے کہا کہ بھارتی ٹیم کو اگر ٹرافی چاہیے تو ان کے کپتان اے سی سی کے دفتر آ کر مجھ سے وصول کر لیں۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ اجلاس کا مقصد کرکٹ معاملات پر بات کرنا ہے، اس لیے غیر متعلقہ امور کو ایجنڈے میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔
انڈین کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ چونکہ ایشیا کپ بھارت نے جیتا ہے، اس لیے ٹرافی ان کے حوالے کی جانی چاہیے۔ جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ٹرافی دینے کا فیصلہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہوتا ہے اور بھارتی ٹیم کے کپتان کو خود یہ ذمہ داری ادا کرنی چاہیے تھی۔ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اس معاملے پر کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا اور یہ ایجنڈے سے ہٹ کر گفتگو کے طور پر ہی رہا۔