حال نیوز۔۔۔۔انگلینڈ کی شہریت لینے والوں کیلئے بری خبر، قواعد سخت کر دیئے گئے۔ انگلینڈ کی وزیر داخلہ شبانہ محمود کا کہنا تھا کہ برطانیہ اس بات پر غور کرے گا کہ مستقل سکونت کے قواعد کو سخت کیا جائے، تاکہ درخواست گزاروں کو ملک میں رہائش کے لیے یہ ثابت کرنا ہو کہ وہ معاشرے کے لیے مفیدہیں۔
انگلینڈ کی وزیراعظم کیئر اسٹامر کی سربراہی میں لیبر پارٹی کو اپنی پالیسیوں میں سختی پر مجبور کیا ہے۔فی الحال زیادہ تر تارکین وطن برطانیہ میں پانچ سال گزارنے کے بعد غیر معینہ مدت کے قیام کی اجازت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، جس سے انھیں ملک میں مستقل طور پر رہنے کا حق حاصل ہو جاتا ہے۔
انگلینڈ کی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس اجازت کے لیے اہلیت کے معیار میں تبدیلی پر غور کر رہی ہے۔ صرف وہی افراد اس کے اہل ہوں گے جو سوشل سیکیورٹی کی شراکتیں ادا کرتے ہوں، جن کا مجرمانہ ریکارڈ صاف ہو اور جو ریاستی مراعات کے مطالبے نہ کرتے ہوں۔
برطانیہ کی حکمراں جماعت لیبر پارٹی کی جانب سے جاری کردہ خطاب کے اقتباسات کے مطابق وہ یہ بھی کہیں گی کہ حکومت اس پر غور کر رہی ہے کہ اہلیت صرف ان افراد کو دی جائے جو اعلی سطح پر انگریزی بول سکتے ہوں اور اپنی کمیونٹی میں رضاکارانہ خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہوں۔انھوں نے بتایا کہ ان تجاویز پر با ضابطہ مشاورت رواں سال کے آخر میں شروع کی جائے گی۔