افغان مہاجرین کیلئے پاکستان کی زمین تنگ، واپسی کا عمل تیزی سے جاری

حال نیوز۔۔۔۔۔۔افغان مہاجرین کیلئے پاکستان کی زمین تنگ کر دی گئی، واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ کوئٹہ میں افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈان، اب تک 35ہزار سے زائد افراد وطن واپس جاچکے۔ضلع کوئٹہ سے افغان مہاجرین کی واپسی میں مزید تیزی آئے گی، قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں تیسرے مرحلے کے دوران اب تک ضلع کوئٹہ سے 35ہزار سے زائد افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جاچکے ہیں۔

مہراللہ بادینی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق، حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر شروع کی گئی واپسی مہم کو مرحلہ وار منظم انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کوئٹہ میں بڑی تعداد میں افغان شہری کاروبار اور دیگر پیشوں سے وابستہ ہیں، جنہیں اپنے کاروباری اور گھریلو معاملات نمٹانے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔مہراللہ بادینی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ افغان شہریوں کی واپسی کے عمل کو انسانی ہمدردی، قانونی ضوابط اور حکومتی پالیسی کے مطابق انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی ترجیح یہ ہے کہ واپسی کا عمل پرامن، شفاف اور منظم ہو تاکہ کسی بھی فریق کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مہراللہ بادینی ڈپٹی کمشنر کے مطابق آئندہ چند دنوں میں افغان مہاجرین کی واپسی میں مزید تیزی آئے گی، جس کے لیے ضلعی سطح پر تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انتظامیہ نے سرحدی راستوں پر سہولتی مراکز بھی قائم کر دیے ہیں تاکہ رجسٹریشن، تصدیق اور سفر کے مراحل میں آسانی پیدا کی جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ یہ قومی مہم کسی رکاوٹ کے بغیر کامیابی سے مکمل ہو سکے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ اب تک درجنوں غیرقانونی کیمپ بھی خالی کرائے جا چکے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.