حال نیوز۔۔۔۔۔۔کرکٹ ایک جیلٹن مین گیم ہے مگر بھارت نے سیاست اور پیسے کی طاقت سے کرکٹ کو تباہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے سابق اوپنر بلے باز اور سابق میچ ریفری کرس براڈ کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پیسے کی طاقت سے بھارت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ نے کرکٹ کو تباہ کردیا۔کرس براڈ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی بھارت کے مکمل دباؤ میں ہے، میچ ریفریز کے اختیارات انتہائی محدود کردیے گئے ہیں۔
کرس براڈ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میں اب بھارت کا اثر و رسوخ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں میچ ریفریز بے اختیار ہو چکے ہیں، کیونکہ بیشتر فیصلے بھارت کی کرکٹ طاقت اور مالی اثر کے تحت کیے جاتے ہیں۔ کرس براڈ نے بتایا کہ مجھ سے بھارت کیخلاف قواعد و ضوابط کے معاملے پر ہلکا ہاتھ رکھنے کا کہا گیا تھا۔کرس براڈ نے بتایا کہ ایک میچ میں بھارتی ٹیم اپنے مقررہ وقت سے 4اوور پیچھے تھی جس کی وجہ سے ان پر جرمانہ یقینی بنتا تھا، مجھیفون آیا اور کہا گیا کوئی حل نکالو کیونکہ یہ بھارتی ٹیم ہے۔
کرس براڈ کا کہنا تھا کہ کال موصول ہونے کے بعد ٹائم کیلکولیشن سے رعایت نکالی، اس کے بعد اگلے میچ میں بھی اوور ریٹ کا مسئلہ ہوا تو کہا گیا کہ صرف گنگولی کو سزا دیں پوری ٹیم کو نہیں۔کھیل میں سیاست کافی حد تک شامل ہوچکی ہے، اب سیاسی پیچیدگیاں دیکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں،مطمئن ہوں کہ اب آئی سی سی میچ آفیشلز کے پینل کا حصہ نہیں ہوں، اپنے کیریئر کے دوران بہت سے معاملات میں سیاسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ کرس براڈ 2003سے گزشتہ سال فروری تک آئی سی سی میں میچ ریفری کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔