حال نیوز۔۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ریٹائرڈ) بشیر احمد بڑیچ جب صبح سویرے اپنی رہائش گاہ سے دفتر کیلئے جارہے تھے تو ان کے اسکواڈ کو سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بشیر احمد بڑیچ ڈپٹی کمشنر کیچ معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ ان کے اسکواڈ میں شامل 8 افراد دھماکے کی زد میں آکر زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتیں اور گاڑیاں کو بھی نقصان پہنچا۔
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ کی گاڑی کو پیر کی صبح ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں وہ محفوظ رہے تاہم سات لیویز اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔نذیر احمد ڈی ایس پی تربت کے مطابق دھماکا تھانہ روڈ پر اس وقت ہوا جب ڈپٹی کمشنر اپنے سرکاری محافظوں کے ہمراہ گھر سے دفتر جارہے تھے۔ دھماکا موٹرسائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جس میں تقریبا 15کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔
ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور چار سے پانچ گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ڈپٹی کمشنر کی بلٹ پروف گاڑی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ زخمیوں میں سات لیویز اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔