ثنا یوسف قتل کیس میں پیش رفت،3گواہوں کے بیانات ریکارڈ

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ثنا یوسف قتل کیس میں پیش رفت،3گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لئے گئے، مزید سماعت 6 دسمبرتک کے لیے ملتوی کر دی گئی، ملزم عمر حیات کو گاڑی فراہم کرنیوالے شوروم کے مالک، ڈرائیور اور پولیس اہلکار نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرتے ہوئے مزید سماعت 6 دسمبرتک کے لیے ملتوی کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کیس پر سماعت کی۔سرکاری وکیل راجہ نوید حسین عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے پراسکیوشن کے مزید 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لئے۔ملزم عمر حیات کو گاڑی فراہم کرنے والے شوروم کے مالک، ڈرائیور اور پولیس اہلکار نے گزشتہ روز عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا۔

کیس کی سماعت کے دوران وکلاء صفائی کی جانب سے گواہان پر جرح نہ ہو سکی۔کیس میں مجموعی طور پر 13 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہوچکے ہیں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے کیس کی مزید سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

پولیس نے ثنا یوسف قتل کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی مدعیت میں سمبل پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302  کے تحت درج کیا گیا تھا، بعد ازاں تکینیکی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے عمر حیات نامی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔17 سالہ ٹک ٹاکر اپنی سوشل میڈیا سرگرمیوں کیلئے مشہور تھیں، انکے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ فالوورز اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.