نئے صوبوں کے قیام پر عوام نے جو بھی فیصلہ دیا اسے قبول کیا جائیگا، حکومت

اسلام آباد (حال نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صوبوں سے متعلق ہم واضح موقف دے چکے، آپ عوامی رائے لے لیں، اس میں حرج ہی کیا ہے،سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہے توجہ عوامی خدمت پر رکھیں، عوامی رائے صوبوں کے حق میں آتی ہے تو ٹھیک، نہیں آتی تو نہ کریں،عوامی رائے کی بحث ملک بھر میں جاری ہے،جب اس بحث کا وقت ہوگا تو پارلیمنٹ میں آجائے گی۔

منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں، عوامی رائے صوبوں کے قیام کے حق میں آئے تو صوبے بنائیں بصورت دیگر یہ اقدام نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی رائے جاننے کے لئے ملک بھر میں بحث جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی رائے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا وقت آئے گا تو اسے پارلیمنٹ میں لے آئیں گے۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس ضمن میں بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ بات چیت جاری ہے، یہ پلیٹ فارمز پاکستان میں اپنے دفاتر بھی قائم کر رہے ہیں۔ اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے قواعد و ضوابط کو ملکی قوانین سے ہم آہنگ کرلیں تو اس سے صورتحال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.