دہشتگردوں کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، سرفراز بگٹی

حال نیوز۔۔۔۔۔۔دہشتگردوں کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونا والا دہشت گردانہ حملہ قابل مذمت ہے، حملہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ملک دشمن عناصر عوام اور ریاستی اداروں کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے‘ سیکیورٹی فورسز کے جوان قوم کے سچے ہیرو ہیں قوم ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے خلاف بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ حملہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ملک دشمن عناصر عوام اور ریاستی اداروں کے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے۔

وزیر اعلیٰ نے ایف سی جوانوں کی جانب سے بروقت اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنانے کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی شجاعت نے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی میر سرفراز بگٹی نے وطن پر جان قربان کرنے والے ایف سی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔

بلوچستان حکومت غمزدہ خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، پشاور حملے میں شہید ہونے والے اہلکار ملک کے بہادر سپوت ہیں جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں قوم کے حوصلے بلند کرتی ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا وزیر اعلیٰ نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے فورسز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے خیبرپختونخوا ایف سی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی ایک بزدلانہ کارروائی ہے جس کا پورے ملک کی سکیورٹی فورسز بھرپور عزم و ہمت کیساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے حملے کو ناکام بنانے اور بروقت کارروائی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے سکیورٹی اداروں کیساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.