حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی، جلد پاکستان میں فائیو جی متعارف ہو جائے گا، انٹرنیٹ کی اسپیڈ کیساتھ اس کی رسائی بھی بڑھائیں گے، مالیاتی وڈیجیٹل شمولیت میں سپیکٹرم کابہت بڑاکردارہے، ڈیجیٹل پاکستان کے سفرمیں تیزی لارہے ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دیدی ہے۔وفاقی وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کوآگے بڑھانے کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے اورحکومت اس سفرمیں تیزی لارہی ہے، مالیاتی وڈیجیٹل شمولیت میں سپیکٹرم کابہت بڑاکردارہے،جن سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہوئی ایک لحاظ سے یہ ہمارے لیے مالی نقصان ہی ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ہونے والے اجلاس میں سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دیدی گئی،انہوں نے کہاکہ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کے نام سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی تھی، نیرا نے پی ٹی اے اوردیگرمتعلقہ اداروں کی نگرانی میں تفصیلی طورپرشراکت داروں کے ساتھ رابطہ کاری کی اور ماضی میں سپیکٹرم کی ملکی،علاقائی اوربین الاقوامی طورپرہونے والی نیلاموں کاتفصیلی جائزہ لیا اورتمام بین الاقوامی معیارات کوملحوظ خاطررکھا،اسی کی بنیاد پرہمیں سپیکٹرم کی قیمت،ادائیگی کے شرائط،اورنیلامی کے ڈیزاین کے حوالہ سے سفارشات دی گئی،ہم نے ان سفارشات پرغورخوص کیا اورسب سے پہلے پاکستان کے نکتہ نظرسے اس کوآگے لیکرگئے ہیں،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ان سفارشات کی منظوری دیدی ہے۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ جلد پاکستان میں فائیو جی متعارف ہو جائیگا، انٹرنیٹ کی اسپیڈ کیساتھ اس کی رسائی بھی بڑھائیں گے۔اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھا رہے ہیں، ای سی سی نے اسپکٹرم آکشن کی منظوری دے دی ہے۔وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسپکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کو جلد کابینہ میں لے جائینگے، ٹیلی کام سیکٹر سمیت دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت یقینی بنائی جائے گی، اسپکٹرم نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ عالمی معیار کے مطابق نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے 6ماہ میں فائیو جی بھی استعمال کے قابل ہو، 600میگاہرڈز اسپکٹرم کی آکشن کرنے جارہے ہیں، آئندہ چار سے چھ ماہ میں تمام عمل مکمل کیا جائیگا، کوشش ہے کہ فروری 2026کے پہلے ہفتے میں آکشن مکمل کرلیں۔