جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اکثریتی اپوزیشن ارکان کا اعتماد رکھتے ہیں قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کا عہدہ طویل عرصے سے خالی ہے لہذا جلد از جلد محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا عمل مکمل کیا جائے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی قائدین اسد قیصر اور ملک عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے نامزد امیدوار برائے قائدِ حزبِ اختلاف، رکنِ قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی نامزدگی کی درخواست ایڈوائزر قانون سازی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ محمد مشتاق کے پاس جمع کرائی۔درخواست پر پاکستان تحریکِ انصاف کے تمام اراکینِ قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و سابق سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ناکارہ بلٹ پروف گاڑیاں دی گئی ہیں جس کو وزیر اعلیٰ نے واپسی کا اعلان کرکے اچھا اقدام کیا ہے‘ عمران خان بانی پاکستان تحریک انصاف سے سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات میں رکاوٹ ڈالنا قابل مذمت اقدام ہے۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمر ایوب کی نااہلی کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کی سلاٹ خالی تھی اور آج اپوزیشن کی جانب سے محمود خان اچکزئی کے نام کیلئے ہم نے درخواست دی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی ایک سینئر سیاستدان ہیں مجھے امید ہے کہ اس کی انتخاب میں غیر جمہوری حربے استعمال نہیں کئے جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان صبر و استقامت سے کام لیں یہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کیلئے بہتر ہے ہم امید کرتے ہیں کہ تجارتی راستوں سمیت دیگر آمد ورفت کے راستوں کو کھولا جائیگا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہماری تجارت سینٹرل ایشیائی ممالک تک پھیلانی چاہئے ہماری پارٹی کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ افغانستان ہمارا بھائی ملک ہے ہم افغانستان سے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی کا مطالبہ جائز ہے کہ عمران خان سے ملاقات کروائی جائے یہ ملاقات اسکا قانونی حق ہے‘ اس کیلئے سہیل آفریدی نے صوبائی اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کروائی ہے۔ جو سہولیات ایک قاتل کیلئے میسر ہوتے ہیں وہ تو کم از کم بانی چیئرمین کو دی جائیں اور سابق وزیراعظم کی حیثیت سے انکا حق ان کو ملنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کچھ ناکارہ گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کو دی ہیں اور ایک منسٹر نے اس پر بات کی میں اس کا نام بھی لینا نہیں چاہتا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کے مطابق خیبر پختونخوا کو اس کا حصہ دیا جائے‘ سرتاج عزیز نے کہا تھا کہ 3 فی صد شیئرز دینگے ابھی تک ہمیں ایک روپیہ نہیں ملا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر کے مطابق 74 اراکین اسمبلی کے دستخط کرواکر درخواست جمع کرائی ہے‘ محمود خان اچکزئی ہمارے اپوزیشن لیڈر ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کی بقا کے لیے محمود خان اچکزئی کا ایک نام ہے جو فیصلہ ہمارے قائد کا تھا وہ تمام اراکین نے مانا ہے۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی نہیں رہنا چاہئے اسپیکر جلدی نوٹیفکیشن کریں تاکہ اسپیکر کا دفتر خالی نہ رہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کیلئے جمعیت علمائے اسلام کیساتھ مشاورت کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی کی طرف سے درخواست دی ہے اورچیف وہپ عامر ڈوگر جمعیت علما اسلام سے رابطہ کرینگے۔