حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔بلوچستان کے عوام جعل سازی سے ہوشیار رہیں!!افغان مہاجرین کا بڑا فراڈ بے نقاب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے دوران مکانات، دکانوں اور دیگر املاک کی دوہری فروخت کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے باعث کئی شہری مالی نقصان کا شکار ہو گئے ہیں۔
افغان مہاجرین، جو حکومت کی جانب سے وطن واپسی کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں، اپنے مکانات دو یا تین افراد کو علیحدہ علیحدہ فروخت کر کے افغانستان روانہ ہو جاتے ہیں۔ اس عمل میں وہ زیادہ تر غیر قانونی یا جعلی اسٹام پیپرز کا سہارا لیتے ہیں، جبکہ خریدار کم قیمت کے لالچ میں بغیر مکمل قانونی تصدیق فوری ادائیگی کر دیتے ہیں۔
افغانستان مہاجرین کی جانب سے یہ دونمبری کے کیسز خاص طور پر کوئٹہ کے علاقے سریاب، نواں کلی اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں رپورٹ ہوئے ہیں، جہاں شہریوں نے سستے داموں مکانات خریدے، مگر بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہی مکان پہلے ہی کسی اور کو فروخت ہو چکا تھا۔ کئی معاملات میں نئی پارٹی جعلی یا مشکوک اسٹام پیپرز کے ساتھ ملکیت کا دعوی کر دیتی ہے۔
عوام کسی بھی افغان شہری سے مکان، دکان یا دیگر املاک خریدنے سے قبل مکمل قانونی جانچ، دستاویزات کی تصدیق اور محکمہ ریونیو یا دیگر متعلقہ اداروں سے تصدیق لازمی کروائیں۔شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی سے قبل ان کی املاک کی قانونی حیثیت معلوم کی جائے تاکہ دوہری فروخت اور فراڈ سے بچا جا سکے اور جعلی اسٹام پیپر یا جعلسازی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔