آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکورٹی اہلکاروں کی خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کے نتیجے میں خوارج سرغنہ عالم محسود سمیت دس خوارج مارے گئے، سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دوسرے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کامیابی کارروائی کی اور مزید پانچ خوارج مارے گئے، علاقے میں کسی بھی ممکنہ ہندوستانی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ویژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی سے وطن کو پاک کیا جاسکے۔ صدرِ آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں دو کامیاب سیکیورٹی آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوے کہا ہے کہ وطنِ عزیز میں بیرونی پشت پناہی والے خوارج کا مکمل خاتمہ ایک قومی مشن ہے اور یہ مہم قومی اتفاقِ رائے کے تحت جاری رہے گی۔انہوں نے خاص طور پر دہشتگرد سرغنہ عالم محسود سمیت دہشتگردوں کی ہلاکت کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمتِ عملی قرار دیا۔
آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ عزمِ استحکام کے عنوان سے شروع کی جانے والی انسدادِ دہشت گردی مہم ملک میں پائیدار امن کے قیام کی قومی کاوشوں کا عکاس ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے کو کمزور کرنے کی کسی سیاسی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔صدر زرداری نے سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور عزم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کو جلد ہر بیرونی خطرے سے محفوظ بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کولاچی اور دتہ خیل میں فتنتہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے، قوم خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔