حال نیوز۔۔۔۔۔ایف سی بلوچستان نارتھ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، 89 خواتین کی شمولیت، کوئٹہ میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے۔ بلوچستان کی بیٹیاں وطن کا فخر ہیں، ان کی شمولیت نوجوان نسل کیلئے روشن مثال ہے۔فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کی 68ویں لیڈیز بیچ کی شاندار پاسنگ آٹ پریڈ کوئٹہ میں غیر معمولی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان کی 89خواتین نے سخت اور اعلی معیار کی تربیت مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر ایف سی میں شمولیت اختیار کر لی۔ خواتین اہلکاروں کی یہ بڑی تعداد نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کیلئے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
تقریب کا آغاز مہمانِ خصوصی کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان کے پرتپاک استقبال سے ہوا، جہاں آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ بلوچستان کی بیٹیاں بہادری، حوصلے اور حب الوطنی کی روشن علامت ہیں، ان کی شمولیت نہ صرف ایف سی کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ کرے گی بلکہ یہ نوجوان خواتین کیلئے قابلِ فخر رول ماڈل بھی ثابت ہوں گی۔پریڈ میں تربیت یافتہ لیڈی سولجرز نے شاندار مارچ پاسٹ، ڈرل اور عملی مہارتوں کا مظاہرہ کیا، جسے شریک مہمانوں نے بے حد سراہا۔
قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی، خواتین نمائندگان اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت نے تقریب کو ایک تاریخی رنگ دیا اور ایف سی و عوام کے باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔تقریب کے آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والی لیڈی سولجرز میں خصوصی انعامات تقسیم کیے گئے۔ مقامی بلوچ خواتین کی نمایاں شمولیت کو فورس میں بڑھتی ہوئی خواتین نمائندگی اور صوبے کی مثبت سماجی پیش رفت کا اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔