حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے نئی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ، پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کی سرپرستی کی جائے گی، خصوصی مراعات دی جائیں گی،پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025 کی منظوری پنجاب کابینہ نے دیدی۔ پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
پنجاب کابینہ نے فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی ہے اور پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اسے پیش کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کی سرپرستی کی جائے گی۔ اتھارٹی نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف کرائے گی، اور فلمسازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈ آپریشن کی سہولت فراہم کرے گی۔مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔
فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار کی جائے گی، اور نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے فلم سکول اور ٹریننگ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ اتھارٹی فلم انڈسٹری کے لیے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام بھی متعارف کرائے گی اور پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کرے گی۔پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کی مجاز بھی ہوگی۔