حال نیوز۔۔۔۔۔۔سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور لکی مروت میں فتنہ خوارج کیخلاف بھرپور آپریشن کیا جس میں 14 دہشتگرد مارے گئے۔ سیکورٹی فورسز نے ایک خودکش حملہ بھی ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران ایک سیکورٹی اہلکار شہید چھ زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ خوارج نے فورسز کے کیمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں چھ دہشتگرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ ایک خارجی نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کے کیمپ کی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ ہوا اور دیوار کو نقصان پہنچا۔
خودکش دھماکے کے فوراً بعد پانچ مزید خوارج نے کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیا۔اطلاعات کے مطابق، دھماکے کے باعث کیمپ کی ایک پوسٹ کی چھت گرنے سے ایک جوان شہید اور چھ جوان زخمی ہوئے۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چار روز کے دوران افغان طالبان کے بھیجے گئے 108 خوارج مختلف کارروائیوں میں جہنم واصل کیے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور عوام ملک کے دفاع کے لیے متحد رہیں گی۔ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کے دشمنوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، اور وطن عزیز سے دہشتگردی کی جڑیں مکمل طور پر اکھاڑ پھینکی جائیں۔
سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت کے علاقے سلطان خیل میں ایک بڑی کارروائی کے دوران آٹھ انتہائی مطلوب خوارج کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 16 اکتوبر کو کی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، علاقے میں افغان طالبان کی پراکسی خوارج کی سرگرمیوں کی اطلاع پر فورسز نے سلطان خیل اور طوفان والا کے علاقوں میں فضائی اور زمینی نگرانی شروع کی۔ نگرانی کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی نشاندہی ہونے پر فوری طور پر آپریشن لانچ کیا گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ دہشتگرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ گزشتہ چار روز کے دوران افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج مختلف کارروائیوں میں ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں ملک بھر میں جاری ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امن و استحکام کے دشمنوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔