واشنگٹن(حال نیوز)امریکہ اور ایران کے مابین جاری شدید سفارتی اور عسکری محاذ آرائی کے پیش نظر خلیجی پانیوں اور بحیرہ عرب میں فریقین کی طرف سے عسکری سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے بعد خطے میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہو گئے ۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عسکری قیادت نے آبنائے ہرمز اور گردونواح کے سمندری راستوں پر اپنی جنگی کشتیوں اور ایئر کرافٹ کیریئرز کی موجودگی کو بڑھاتے ہوئے ہنگامی نوعیت کی بحری مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد خطے میں اتحادی ممالک کی سمندری حدود کا دفاع کرنا اور بین الاقوامی تجارت کے لیے تیل بردار جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب تہران سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بھی خلیجی ساحلوں پر میزائل یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی یہ کشیدگی عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے، جس پر سلامتی کونسل بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
