حال نیوز۔۔۔۔۔گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے آخر کار اپنی ہار مان لی، نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے ان سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، آئی جی پولیس، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔پنڈال میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جو مسلسل نعرے بازی کررہے تھے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سہیل آفریدی حلف اٹھانے کے فوراً بعد بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ نومنتخب وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا حق ہے کہ اْن سے اْن کے رفقا کی ہر جمعرات کو ملاقات ہو، اس حوالے سے عدالتی احکامات بھی موجود ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2024 سے عمران خان سے ملاقات کرنیکی اجازت نہیں دی جا رہی، ہم اس حوالے سے دوبارہ عدالت سے رجوع کریں گے تاکہ یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکے۔سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کے لیے خصوصی طور پر ہم عدالت میں درخواست دیں گے تاکہ کہ اْن کی بطور وزیر اعلیٰ عمران خان سے ملاقات کروائی جا سکے۔تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں شنوائی نہ ہوئی تو ہم اس معاملے کو سپریم کورٹ تک لے کر جائیں گے، عمران خان ہمارے پارٹی لیڈر ہیں اور ان سے ملاقات کرنا ہر کسی کا حق ہے،کسی صورت میں بھی ہمیں اْن سے ملنے سے روکا نہیں جاسکتا ہے۔