مہاجرین کی افغانستان واپسی سے کوئٹہ کے پرائیویٹ ہسپتال ویران

حال نیوز۔۔۔۔۔۔ افغانستان سے آئے ہوئے مہاجرین کی وطن واپسی پر کوئٹہ شہر کے پرائیویٹ ہسپتال ویران ہو گئے۔ نجی ہسپتالوں میں ویرانی نے ڈھیرے ڈال لئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر اور اس کے گردونواح میں افغان مہاجرین کی واپسی کے بعد پرائیویٹ اسپتالوں میں بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ایک طرف اسپتالوں کی آمدن میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، وہیں او پی ڈیز میں بیٹھنے والے متعدد پرائیویٹ اور سرکاری ڈاکٹرز بھی بے روزگاری کا شکار ہو گئے ہیں۔

کوئٹہ کے متعدد معروف نجی اسپتال برسوں سے افغان مہاجرین پر انحصار کرتے آئے ہیں۔ یہ مہاجرین نہ صرف علاج کرواتے تھے بلکہ اسپتال کی آمدنی اور عملے کی تنخواہوں کا بڑا ذریعہ بھی تھے۔ تاہم حالیہ حکومتی اقدامات اور بارڈر پالیسی کی سختی کے باعث ہزاروں افغان شہریوں کی واپسی کے بعد یہ اسپتال ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔کوئٹہ کے پرائیویٹ اسپتالوں کی او پی ڈیز، جو ماضی میں روزانہ درجنوں مریضوں سے بھری رہتی تھیں، اب خالی پڑی ہیں۔ خاص طور پر ایسے اسپتال جن میں افغان مریضوں کی بڑی تعداد آتی تھی، ان کے وارڈز، او پی ڈیز اور لیبارٹریز غیر فعال ہو چکی ہیں۔

پرائیویٹ اسپتالوں میں جز وقتی بیٹھنے والے سرکاری ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز، ٹیکنیشنز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ایک بڑی تعداد اب بیکار ہو گئی ہے۔کئی ڈاکٹرز نے اپنی نجی پریکٹس بند کر دی ہے، جبکہ کچھ نے دیگر شہروں میں کام کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ہماری آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ افغان مریض تھے، جو نہ صرف علاج کے لیے آتے تھے بلکہ قیمتی ٹیسٹ اور پرائیویٹ داخلے بھی کرواتے تھے۔ ان کے جانے کے بعد اسپتال کے کلینک کا خرچ بھی پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

اگر صورتحال یوں ہی رہی تو نجی صحت کا شعبہ مکمل طور پر بیٹھ جائے گا، جس کا اثر نہ صرف ڈاکٹروں بلکہ نرسنگ، لیبارٹری، ادویات، میڈیکل اسٹورز اور دیگر منسلک صنعتوں پر بھی پڑے گا۔بلوچستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ صحت کے شعبے کو سہارا دینے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ متاثرہ اسپتال اور عملہ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کی پرائیویٹ اسپتالوں میں موجود سرکاری ڈاکٹر ایک دن میں 60سے 80مریضوں کو دیکھتے ہیں، جو اب 10سے 12رہ گئے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.