گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں آئینی بحران پیدا کر دیا

حال نیوز۔۔۔۔۔۔گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور نہ کرکے صوبے میں آئینی بحران پیدا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق۔ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے اور نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے معاملے پر گورنر کے پی نے اپنا جواب پشاور ہائی کورٹ میں جمع کرانے کے لیے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بھیج دیا۔گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے استعفے کی منظوری کا انتظار کیوں نہیں کیا گیا؟ جب وزیراعلیٰ کا عہدہ خالی ہی نہیں ہوا تو دوسرا وزیراعلیٰ کیسے منتخب ہو سکتا ہے؟۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت استعفیٰ وصول کرنے والے کو دیکھنا ہوتا ہے کہ استعفیٰ اصلی ہے کہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پھر یہ بھی چیک کرنا ہوتا ہے کہ استعفیٰ کسی دباؤ کے تحت تو نہیں دیا گیا، اگر ایسا کیا گیا تو یہ جمہوریت کے یئے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین کے تحت استعفیٰ منظور ہوگا اور نئے وزیراعلیٰ سے حلف بھی لیں گے۔واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے لیے گورنر کی دستیابی معلوم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

فیصل کریم کنڈی گورنر کے پی کے کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی حلف لینے سے منع نہیں کیا، میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا قانون و آئین پر عملدرآمد کریں گے، میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہو چکا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں آج رات ہر صورت میں کے پی کے پہنچ جاؤں گا، گورنر کے پاس طیارہ نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا طیارہ فراہم کریں۔گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتا سکتا۔

پی ٹی آئی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عاطف خان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے فلور پر ایک شخص نے کہا میں نے وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دیدیا، جب دو دفعہ ایک آدمی نے استعفیٰ دیدیا اسکے بعد گورنر کا کوئی کام نہیں بنتا۔ عاطف خان کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر وزیراعلیٰ صرف اپنا استعفیٰ بھیجتا ہے، اسپیکر صوبائی اسمبلی نے آئین اور قانون کے دائرے میں رولنگ دی ہے۔عاطف خان کا کہنا تھا اگر یہاں سے ناامید ہوئے تو احتجاج کریں گے، الیکشن ساری اپوزیشن پارٹیز کے سامنے ہوا، کوئی سیکرٹ بیلٹ نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ گورنر جان بوجھ کر استعفیٰ منظور کرنے میں تاخیر کر رہے ہیں، پی ٹی آئی اپنے حق کیلئے لڑے گی، صوبے کے حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.