بی ایف اے کی بیکری مصنوعات کیخلاف کارروائی، 34 مراکز کو جرمانے

حال نیوز۔۔۔۔۔۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف کارروائیاں جاری، 34مراکز پر جرمانے عائد کر دیئے گئے۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری بیکری مصنوعات کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔اس سلسلے میں کوئٹہ سمیت بلیلی اور کچلاک بائی پاس کے علاقوں میں بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیموں نے متعدد بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کا تفصیلی معائنہ کیا۔

حالیہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 86بیکری مراکز کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 34بیکریوں اور بیکنگ یونٹس پر صفائی ستھرائی کے انتہائی نامناسب انتظامات سمیت فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 23مراکز کے مالکان کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔معائنے کے دوران بی ایف اے ٹیموں نے باسی، ایکسپائری اور غیر معیاری بیکری مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کرلی جبکہ بعض مضر صحت اشیا کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق مہم عوامی شکایات کی روشنی میں شروع کی گئی ہے تاکہ صوبے بھر میں فروخت ہونے والی بیکری مصنوعات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔مہم سے متعلق ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا کہنا ہے کہ غیر معیاری خوراک عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ باسی یا ناقص بیکری مصنوعات مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہیں جن کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد ہماری اولین ترجیح ہے، غذائی معیار کی خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کسی بھی بیکری یا بیکنگ پروڈکشن یونٹ کو عوامی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وقار خورشید عالم نے نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی مہمات کا سلسلہ آئندہ دنوں میں مزید وسعت دیا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.