بلوچستان گرینڈ ٹور ازم فیسٹیول بری طرح ناکام، کروڑوں روپے ڈوب گئے

حال نیوز۔۔۔۔۔اسلام آباد میں جاری بلوچستان گرینڈ ٹور ازم فیسٹیول بری طرح ناکام ہو گیا، حکومت بلوچستان کے کروڑوں روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے نام پر اسلام آباد کے لوک ورثہ میں منعقدہ تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورازم فیسٹیول بری طرح ناکام ہوگیا۔ عوام اور میڈیا کی عدم دلچسپی کے باعث ایونٹ خالی کرسیوں کا منظر پیش کرتا رہا، جبکہ غریب صوبے کے کروڑوں روپے کے اخراجات پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق فیسٹیول 10سے 12اکتوبر تک محکمہ ثقافت و سیاحت بلوچستان کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد صوبے کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنا تھا۔

بلوچستان گرینڈ ٹور ازم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں میر سرفراز بگٹی وزیراعلی بلوچستان اور اختتامی تقریب میں شیخ جعفر خان مندوخیل گورنر بلوچستان نے شرکت کی، تاہم ایونٹ عوامی توجہ حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔بیشتر اسٹالز خالی رہے، عوام کی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی، جبکہ ناقص انتظامات اور سہولیات کی کمی نے شرکا کو مایوس کیا۔ قومی میڈیا نے بھی اس ایونٹ کو نظر انداز کیا، جس پر ناقدین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے صوبے کے عوام جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، وہاں کروڑوں روپے دارالحکومت میں ایک غیر مثر فیسٹیول پر خرچ کرنا وسائل کا سنگین ضیاع ہے۔ ان کے مطابق اگر یہی رقم صوبے کے اندر سیاحتی مقامات کی بحالی، مقامی فنکاروں کی معاونت یا عوامی ترقیاتی منصوبوں پر لگائی جاتی تو بہتر نتائج سامنے آتے۔عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس ناکام ایونٹ کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور عوامی وسائل کے ضیاع پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ آئندہ اس قسم کے غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کیا جا سکے۔

جعفرخان مندوخیل گورنربلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اکثر اپنے قیمتی معدنیات، سی پیک منصوبہ یا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کے بعد سرخیوں میں رہتا ہے لیکن آج پہلی مرتبہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلوچستان کو خصوصی طور پر سیاحت اور ثقافتی نقطہ نظر سے ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اس گرینڈ فیسٹیول میں مقامی ہنرمندوں، فنکاروں اور گلوکاروں کو بھی مشغول رکھے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں تصویری نمائش، دستکاری، موسیقی، اور ثقافتی زندگی اچھی طرح سے پبلسٹی حاصل کر رہے ہیں۔

گورنر مندوخیل کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے سے نہ صرف سرمایہ کاری آئیگی بلکہ مقامی سطح پر معیشت کو بھی نمایاں طور پر تقویت ملے گی۔ گورنر بلوچستان نے منتظمین کو صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ایسے شاندار پروگرام کے انعقاد کے حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں گورنربلوچستان مقامی فنکاروں اور گلوکاروں سے ملے اور فیسٹیول میں تصویری نمائش، دستکاری، موسیقی اور دیگر رکھے گئے ثقافتی آئٹمز میں ذاتی دلچسپی لی۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے گرینڈ فیسٹیول کے منتظمین، آرٹسٹوں اور مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.