گزشتہ رات دنیور نالہ میں پانی کے چینل کی بحالی کے لیے جاری کام کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا

گلگت۔
گزشتہ رات دنیور نالہ میں پانی کے چینل کی بحالی کے لیے جاری کام کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ رات تقریباً 1:40 بجے مٹی کا تودہ گرنے سے موقع پر کام کرنے والے تقریباً 13 سے 15 افراد دب گئے۔
محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ریونیو کا عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر گلگت، اسسٹنٹ کمشنر گلگت اور اسسٹنٹ کمشنر دنیور بھی فوری طور پر موقع پر پہنچے تاکہ امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی جا سکے۔
ریسکیو ٹیم کی رپورٹ کے مطابق اب تک 13 افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گلگت نے جائے حادثہ اور متاثرہ افراد کو منتقل کیے گئے تمام ہسپتالوں کا دورہ کیا، جن میں پی ایچ کیو ہسپتال، صحت فاؤنڈیشن اور آغا خان ہسپتال شامل ہیں۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 6 زخمیوں کو آغا خان ہسپتال میں علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور مزید تفصیلات وقتاً فوقتاً فراہم کی جائیں گی۔
##

You might also like

Comments are closed.