بلوچستان، دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری اور چہرہ ڈھانپنے پر پابندی

حال نیوز۔۔۔۔۔۔ بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور چہرہ ڈھانپنے،ہتھیاروں کی نمائش اور جلسے جلوسوں پر مکمل پابندی عائدکر دی گئی، احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ حکومتِ بلوچستان نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144کے تحت متعدد پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہتھیاروں کی نمائش یا استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری خواتین و بچوں کے سوا، گاڑیوں پر کالے شیشے، غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت، پانچ یا اس سے زائد افراد کے جلسے، جلوس یا دھرنے، عوامی مقامات پر چہرہ ڈھانپنے ماسک، مفلر یا کسی اور ذریعے سے اور گندھک کے تیزاب و بارودی مواد کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ پابندیاں فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی اور 30نومبر 2025تک برقرار رہیں گی۔ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تمام پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور اہلکاروں کو احکامات کی سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکل، سیاہ شیشے اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حمل پر پابندی ہوگی۔عوامی مقامات پر نقاب یا چہرہ ڈھانپنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔بلوچستان میں دفعہ 144کے تحت اسلحہ کی نمائش پرپہلے سے پابندی ہے۔ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع اور دھرنوں پربھی پہلے سے پابندی ہے۔ پابندی امن وامان کی صورتحال کے باعث 30 نومبرتک لگائی گئی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.