حال نیوز۔۔۔۔۔عطاء اللہ تارڑ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جیل میں بیٹھے شخص کے دور حکومت میں دہشت گردوں کو پاکستان واپس لایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کا انتشاری ٹولہ دہشت گردوں کا سہولت کار ہے۔ نہتے شہریوں پر حملہ کرنے والے اور مساجد، سکولوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دہشت گردوں کو واپس لا کر ملک کو بہت نقصان پہنچایا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے نامزد وزیراعلی سہیل آفریدی کے خلاف ہمارے سخت تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو دہشتگردوں کی مکمل سہولت کاری نہ کرنے پر ہٹایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بھگوڑے رہنماء مراد سعید کے قریبی ساتھی اور دہشتگردوں کے سہولت کار سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ خیبر پختونخواہ سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم انھیں یہ اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کی سیکورٹی پالیسی اسلام آباد میں بنتی ہے اور بنتی رہے گی، کابل میں نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی کابل میں نہیں اسلام آباد میں ہی بنے گی۔پاک فوج دہشتگردوں کے خلاف بر سر پیکار ہے، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، جیل میں بیٹھے شخص نے دہشتگردوں کے سہولت کار کو کے پی کے کا وزیرا علی نامزد کر کے ملک کو نقصان پہنچانے کی ایک اور مذموم کوشش کی ہے، ملک دشمنوں کے عزائم کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ شہدائے وطن کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، مادر وطن کا دفاع کرنے والے نڈر سپوتوں پر فخر ہے۔
افواج پاکستان کے بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیوں سے دہشتگردی کو شکست دینگے۔ پاک فوج کی قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا، ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ آج بھی دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے رہے۔ ریاست سہیل آفریدی کے ذریعے دہشت گردوں کی سہولت کاری کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے لندن کی عدالت کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوے کہا فیصلے سے پاکستان کے عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ لندن کی عدالت کا فیصلہ شرپسند عناصر کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے، اس سے ریاست اور قومی اداروں کے خلاف بیانیہ اور پروپیگنڈا ناکام ہوگا۔