محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ کو نمبر ون لیگ بنانے کا اعلان کر دیا، پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتا ہوں، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مظفر آباد اور اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیمز بنانے کا اعلان کر دیا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن سے قبل لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراونڈ میں روڈ شو منعقد ہوا جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ روڈ شو میں کئی سابق اور موجودہ کرکٹرز شریک ہوئے جن میں وسیم اکرم، رمیز راجہ، بابر اعظم، حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان شامل تھے۔روڈ شو میں گلوکار علی ظفر سمیت عالمی سرمایہ کاروں، کمرشل پارٹنرز نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پینل ڈسکشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کو نمبر ون لیگ بنانا اولین ترجیح ہے، اپنے کھلاڑیوں پر دل کھول کر انویسٹ کررہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مظفر آباد اور اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیمز بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران ہر ہفتے میوزیکل کانسرٹس کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کے شہر نیویارک میں بھی کرکٹ روڈ شو کرنے جا رہے ہیں، ہم بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے ہم نے کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کیا، میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاطر خواہ فائدہ ملتا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا ہے، کھلاڑیوں کو ملنے والے انعامات سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے پینل ڈسکشن میں کہا کہ بڑے کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا، بڑے کھلاڑیوں نے ہمیشہ میری اچھی رہنمائی کی، سینئر کھلاڑی اپنے اندر اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے آگاہ کرتا ہوں، پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان کرکٹ کی بڑی کامیابی ہے۔کرکٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، پی ایس ایل آپ کے کھیل کو نکھارتی ہے جہاں انٹرنیشنل پلیئرز سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رف نے پینل ڈسکشن میں کہا کہ پی ایس ایل ہماری زندگی کا حصہ ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل نے میرے زندگی کو ایک نیا موڑ دیا، پاکستان کیلئے کھیلنا باعث فخر ہے۔