حال نیوز۔۔۔۔خیبر پختونخواہ کے علاقے اورکزئی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے انڈین پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، موثر کارروائی کے دوران 19 ہندوستانی سپانسرڈ خوارج مارے گئے جبکہ لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
سیکورٹی فورسز کے انڈین پراکسی، فتنہ الخوارج کے خلاف اپریشن میں ہونیوالے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، ان کے سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت بہادری سے اپنے اہلکاروں کی قیادت کرتے ہوئے دیگر 9 ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے، شہید ہونیوالے جوانوں میں نائب صوبیدار لاعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک تالش فراز، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک ارشاد حسین، طفیل خان، سپاہی عاقب علی، سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔
اورکزئی میں شہادت پانے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیّب راحت سمیت 11 بہادر سپوتوں کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔نمازِ جنازہ میں شہباز شریف وزیراعظم، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، اعلیٰ فوجی و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہ جوان‘فتنہ الخوارج نامی بھارتی پراکسی نیٹ ورک کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی کے اس ناسور کیخلاف متحد اور پرعزم ہے شہداء کی عظیم قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔شہباز شریف وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، اور ان کے خون سے وطن میں امن و استحکام کی شمع روشن ہے۔شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔