حال نیوز۔۔۔۔فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کی عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا فوری اور فیصلہ جواب دے گی۔ تفصیلات کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس نے بھارتی سول اور عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور بلا جواز اشتعال انگیز بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اس طرح کی بیان بازی سیاسی فائدے کیلئے جنگی جنون کو ہوا دینے کے معروف بھارتی رجحان کے مطابق ہے جس سے غیر ضروری کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے اوراس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ مسلح افواج تمام ڈومینز میں پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں‘ کسی بھی خیالی نئے نارمل کو فوری جوابی ردعمل کے نئے نارمل کے ساتھ پورا کیا جائے گا۔کانفرنس نے پاک سعودیہ سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا، جس کا مقصد کسی بھی بیرونی جارحیت کا مشترکہ جواب دینے کے لیے سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانا اور ملٹی ڈومین تعاون کو بڑھانا ہے۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیرکی صدارت میں جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی میں 272ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ فورم کا آغاز بھارتی دہشت گرد پراکسیوں کے ذریعہ کئے گئے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی سے ہوا۔آرمی چیف نے غیر ملکی اسپانسر شدہ دہشت گرد پراکسیوں کے خلاف جنگ میں اور سول انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر حالیہ سیلاب کے بعد وسیع پیمانے پر ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے جذبے اور عزم کو سراہا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے نے انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں، ابھرتے ہوئے خطرے کی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا ایک جامع جائزہ لیا۔ فورم نے اس بات کی توثیق کی کہ مسلح افواج تمام ڈومینز میں پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہیں۔ سیاسی سرپرستی کے ساتھ دہشت گردی اور جرائم کے درمیان موجودہ گٹھ جوڑ جو ریاست کے مفادات اور اس کے عوام کی سلامتی کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، اسے مزید جاری نہیں رہنے دیا جائے گا، چاہے کچھ بھی ہو۔
فورم نے بھارتی سول اور عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور بلا جواز اشتعال انگیز بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس طرح کی بیان بازی سیاسی فائدے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دینے کے معروف بھارتی رجحان کے مطابق ہے۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ غیر ضروری جنگ بندی سے کشیدگی میں اضافے کا امکان ہے اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گا۔فورم نے کسی بھی ہندوستانی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا عہد کیا، جس سے جغرافیہ سے حاصل ہونے والے ہندوستان کے تحفظ کے بارے میں کسی بھی تصور کو توڑ دیا جائے گا۔ کسی بھی خیالی نئے نارمل کو فوری جوابی ردعمل کے نئے نارمل کے ساتھ پورا کیا جائے گا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے شرکا نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گرد پراکسیوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لئے تمام ڈومینز میں انسداد دہشت گردی کی جامع کارروائیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔شرکا نے پاکستان کے حالیہ اعلی سطحی سفارتی رابطوں کی اہمیت کو تسلیم کیا اور عالمی اور علاقائی امن کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان تاریخی سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا، جس کا مقصد کسی بھی بیرونی جارحیت کا مشترکہ جواب دینے کے لیے سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانا اور ملٹی ڈومین تعاون کو بڑھانا ہے۔ یہ معاہدہ مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشرق وسطی اور جنوبی ایشیائی خطوں میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ وژن پر زور دیتا ہے۔