حال نیوز۔۔۔۔۔پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باؤلر و کپتان وقار یونس نے بلے باز بابر اعظم کو میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا۔ ان کے مطابق فاسٹ باؤلر محمد عامر کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کیلئے میں لڑا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سابق کپتان وقار یونس کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے لیے میں لڑا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ کا کہنا تھا کہ جب محمد عامر نے فکسنگ کیس میں سزا بھگت لی تو ان کی عمر تھی اور ٹیم میں واپسی کی باتیں ہورہی تھیں۔
سابقہ فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ اس وقت میں کوچ تھا اور باؤلنگ کوچ اظہر علی اور کپتان محمد حفیظ ان کی ٹیم میں واپسی کے خلاف تھے لیکن میں نے محمد عامر کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ میں فائٹ کی تھی۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد عامر کی واپسی ہوئی اور انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن جب میں کوچ بنا تو انگلینڈ کے دورے میں ان کی کارکردگی بہتر نہیں تھی اور ہمارے پاس نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی، حارث رف بھی آگئے تھے۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کوچ کسی کھلاڑی کا کیریئر تباہ نہیں کرسکتا، عمر اکمل اور احمد شہزاد کا اگر میں نے کیریئر تباہ کیا ہے تو وہ میرے جانے کے بعد کوئی نہیں کھیل سکے۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ کسی لڑکے کی فارم نہیں ہے تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کرسکتا ہے اور وہ کھلاڑی بڑا نام ہوتے ہیں ان کی کارکردگی ڈومیسٹک میں بھی سب کی نظروں میں ہوتی ہے اور وہ پھر ٹیم میں واپس آجاتے ہیں۔ سابق کپتان نے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ میڈیا کی باتوں پر دھیان نہ دیں اور خاص طور پر سوشل میڈیا سے دور رہیں۔