حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ قومی سلامتی کو لاحق خطرے کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر قائم ہیں، مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے اپنے بنیادی مشن پر ثابت قدم ہیں، فیلڈ مارشل کا لاہور گیریژن کا دورہ، آپریشنل تیاریوں اور تربیتی معیار کا جائزہ،جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور تربیتی معیار کا جائزہ لیا، فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے اپنے بنیادی مشن پر ثابت قدم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے لاہور گیریڑن کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کا مشاہدہ کیا، جس میں مستقبل کے متحرک جنگی ماحول سے ہم آہنگ ہونے کے لیے پاک فوج کی جدت اور اختراع پر توجہ کو نمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے جوانوں کے لیے فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ جسمانی فٹنس، مورال اور مجموعی فلاح و بہبود برقرار رکھنے میں ان سہولیات کی اہمیت کلیدی ہے۔دورے کے دوران آرمی چیف نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور جدید، مکمل سہولیات سے آراستہ اس طبی مرکز کے قیام پر طبی عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کو دوہرایا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج تمام کثیرالجہتی چیلنجز کا مقابلہ پوری توجہ، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے اپنے بنیادی مشن پر ثابت قدم ہیں اور ادارے میں نظم و ضبط، پیشہ ورانہ برتری اور بے لوث قومی خدمت کی روایت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔قبل ازیں لاہور گیریڑن پہنچنے پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں کمانڈر لاہور کو نے ان کا خیرمقدم کیا۔