سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیلی جیل سے رہا، اسحاق ڈار نے تصدیق کر دی

حال نیوز۔۔۔۔۔گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماء سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیل نے رہا کردیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایک پوسٹ میں مشتاق احمد خان سابق سینیٹر کی رہائی کی تصدیق کر دی۔ اسحاق ڈار کا لکھنا تھا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ مشتاق احمد خان سابق سینیٹر کو رہا کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر مشتاق اب عمان میں پاکستانی سفارت خانے میں محفوظ ہیں، سفارتخانہ مشتاق احمد کی خواہش اور سہولت کے مطابق ان کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام دوست ممالک کا شکریہ جنہوں نے پاکستان کی وزارت خارجہ کا ساتھ دیا اور مدد کی۔

جماعت اسلامی پاکستان کے رہنماء و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کا اسرائیل کی قید سے رہائی کے بعد ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل میں ہم پر کتے چھوڑے گئے،اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے جیل کے اندر 3دن تک بھوک ہڑتال کی۔سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ 150ساتھیوں کے ساتھ اردن پہنچ چکا ہوں، 5دن اسرائیل کے ایک صحرا میں واقع بدنام زمانہ نیگیوڈیزرٹ جیل میں رہے،اس دوران ہمارے ہاتھ پیچھے باندھے گئے، آنکھون پر پٹیاں اور پاؤں میں بیڑیاں ڈالی گئیں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپر کتے چھوڑے گئے، بندوقیں رکھی گئیں اور بدترین تشدد کیا گیا، جیل میں ہوا، دوا اور پانی تک کی رسائی نہیں تھی، اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے جیل کے اندر 3دن تک بھوک ہڑتال بھی کی۔مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی، غزہ کو بچانے کیلئے کوششیں کریں گے، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، ہم اسرائیلی ناکہ بندی کو بار بار توڑیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.