ماہ ربیع الاول میں 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد شایانِ شان طریقے سے کیا جائے گا : سردار محمد یوسف

ماہ ربیع الاول میں 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی  کانفرنس کا انعقاد شایانِ شان طریقے سے کیا جائے گا ۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت اس سال 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی  کانفرنس کے انعقاد کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔ نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت نبوی سے آگاہی کے لیے یہ کانفرنس نہایت اہمیت کی حامل ہو گی۔ OIC نے رواں ہجری سال کو آپ  کے 1500 ویں سال ِ ولادت کی مناسبت سےبعنوان ’’نبی الرحمہ ‘‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مناسبت سے وزارتِ مذہبی امور نے ملک بھر میں صوبائی اور نجی سطح پر ’’عشرہ رحمت للعالمین ‘‘ کے تحت تقریبات اور محافل سیرت و نعت منعقد کرنے کا پروگرام جاری کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ امسال سیرت کانفرنس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں ، سیرت النبی  کی روشنی میں ‘‘ رکھا گیا ہے۔ مقالاتِ سیرت کے مقابلہ جات کا اعلان کئی ماہ پہلے کیا گیا تھا۔ اس موضوع پر مقالات جات تحریر کرنے والوں اور کتب سیرت و نعت کے مصنفین کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ موضوع پر بہترین اور منتخب مقالہ جات کو کتابی شکل دے کر پالیسی سازوں اور نئی نسل کی آگاہی کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ مذہبی امور سیرت نگاروں کی بہترین انداز میں حوصلہ افزائی جاری رکھے گی ۔ واضح رہے کہ آمدہ ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے موقع پر اہم ملکی و غیر ملکی مذہبی شخصیات اور سکالرز شرکت کریں گے۔ وزارتِ مذہبی امور اسلام آباد میں منعقد ہ جائزہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاءالرحمن ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجدمحمود چوہان و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

You might also like

Comments are closed.