عمران خان سے انکی اہلیہ بشری بی بی کی ملاقات، جیل حکام کی تصدیق

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ عمران خان سے انکی اہلیہ بشری بی بی کی ملاقات، جیل حکام نے تصدیق کر دی، گزشتہ منگل بھی دونوں میاں بیوی کی ملاقات ہوئی، جیل کے باہر سے ان کے کسی عزیز، رشتہ دار یا رہنما کی ملاقات نہیں کروائی گئی۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ملاقات کروا دی۔ میڈیانے جیل ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سینٹرل جیل راولپنڈی میں قید سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی منگل کے روز ملاقات کروائی گئی ہے جہاں دونوں میاں بیوی 45منٹ تک اکٹھے رہے اور اس دوران دونوں نے ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کیا۔ جب کہ گزشتہ منگل کو بھی دونوں میاں بیوی کی ملاقات کروائی تھی، تاہم جیل کے باہر سے ان کے کسی عزیز، رشتہ دار یا رہنما کی دونوں سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔

گزشتہ روز عمران خان اور بشری بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان و دیگر بہنیں اور پی ٹی آئی کارکنان گورکھپور ناکہ پہنچے تاہم وہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، اڈیالہ جیل جانے والے راستے 5مقامات پر ناکے لگا کر بند کیے گئے، اسی دوران فیکٹری ناکے پر پی ٹی آئی کارکنان نے قرآن خوانی کی، راولپنڈی پولیس نے دھرنے کی جگہ پر ٹینکر لاکر پانی چھوڑ دیا جس پر دھرنے کی جگہ پر پانی پھیل گیا مجبورا دھرنے کے شرکا کو جگہ تبدیل کرنا پڑی جس کے بعد پولیس نے بھی وہاں سے ٹینکر ہٹالیا، کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ قرآن خوانی ہمارے دین کا حصہ ہے، گندا پانی پھینکا جانا شرم کی بات ہے، ہم جابر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کلمہ حق کہتے رہیں گے، ہم تلاوت بھی کریں گے اور آزادی کا نعرہ بھی لگائیں گے، بعد ازاں اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر علیمہ خان کی جانب سے دھرنا دے دیا گیا جہاں ان کی دیگر دو بہنیں نورین نیازی اور عظمی خان بھی موجود تھیں، دھرنے کے دوران کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جاتی رہی تاہم ملاقات کا وقت ختم ہونے تک عمران خان کی بہنوں سمیت کسی بھی رہنما کو ان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی، جس پر بانی کی تینوں بہنوں نے کارکنان سمیت فیکٹری ناکے پر رات دیر گئے تک دھرنا جاری رکھا، جس میں محمود اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجہ، عون عباس بپی، شاندانہ گلزار، نعیم پنجوتھا، مینا خان آفریدی اور شوکت بسرا و دیگر بھی موجود تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.