حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ ایمان مزاری نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کیخلاف درخواست دائر کر دی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے ذریعے میرا نام لے کر مجھے غداروں کا وکیل اور غیر ملکی ایجنٹ قرار دیا گیا جو میرے خلاف مقدمے پر اثر انداز ہونے کی سنگین کوشش ہے۔ ملک میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی جانب ڈی جی آئی ایس پی آر کو طلب کرنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی، جس پر جج نے نوٹس جاری کردیا۔
جج افضل مجوکہ کی عدالت نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو بطور گواہ طلب کرنے کے حوالے سے استغاثہ کو نوٹس جاری کیا ہے کیوں کہ اس سلسلے میں فوج کے ترجمان کی پریس کانفرنس پر ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری پر عدالتی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کیخلاف جج افضل مجوکہ کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔درخواست میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے مقف اپنایا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے میرا نام لے کر مجھے غداروں کا وکیل اور غیر ملکی ایجنٹ قرار دیا، جو میرے خلاف مقدمے پر اثر انداز ہونے کی سنگین کوشش ہے۔
جج افضل مجوکہ نے کہا کہ میں نے وہ پریس کانفرنس نہیں دیکھی، بعد ازاں عدالت نے درخواست پر استغاثہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک کاپی استغاثہ کی ٹیم کے حوالے کردی۔بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ سماعت پر ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ ایڈ ووکیٹ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کے کیس کی سماعت کے دوران وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی پرانی ویڈیو چلائی گئی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ یہ کیس سن رہے ہیں، ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں استغاثہ کے گواہ انیس الرحمان پر جرح جاری ہے جہاں ہادی علی چٹھہ کی جانب سے گواہ پر جرح کی گئی، اسی دوران انہوں نے عدالت میں مریم نواز کی ایک پرانی ویڈیو بھی چلائی، مریم نواز کی تقریر کے دوران یہ جو دہشت گردی ہے اس کے پیچھے وردی ہے کے نعرے لگتے سنائی دیئے، مریم نواز کی تقریر کے دوران مبینہ طور پر باجوہ چور، پاپا جونز کے نعرے بھی لگے۔اس پر ہادی علی چٹھہ نے سوال کیا کہ کیا مریم نواز کی تقریب ریاست محالف کے زمرے میں آتی ہے؟۔
گواہ انیس الرحمان نے جواب دیا کہ جب مجھے ویڈیو ملے گی تو پھر ہی اس پر کوئی کمنٹ کروں گا، یہ جو دہشت گردی ہے اس کے پیچھے وردی ہے کا نعرہ ریاست محالف ہے، جبری گمشدگی پاکستان کا سنگین مسئلہ ہے یا نہیں اس حوالے سے مجھے نہیں پتا، گمشدہ افراد کے حوالے سے کوئی کمیشن ہے یا نہیں اس حوالے سے مجھے نہیں پتا، لاپتہ افراد کے حوالے سے ریاستی پالیسی کیا ہے مجھے نہیں پتا، مجھے نہیں پتا لشکر جھنگوی اور اہلسنت الجماعت کالعدم جماعتیں ہیں۔