پاکستان ملائیشیا دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق، نئے اقتصادی دور کا آغا

حال نیوز۔۔۔۔۔پاکستان اور ملائیشیا کا دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف وزیراعظم پاکستان اس وقت ملائیشیا کے دورے پر ہیں۔ آج انہوں نے ملائیشیاء کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کئی امور پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ شہباز شریف اور داتو سری انور ابراہیم کے درمیان پتراجایا میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے مشرق وسطیٰ کی صورت حال، فلسطینی عوام کے حقوق، اور کشمیر کے دیرینہ مسئلے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملائیشیائی وزیراعظم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف اور بین الاقوامی سطح پر ادا کیے گئے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ شہباز شریف نے کشمیر کاز پر ملائیشیا کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک عالمی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف وزیراعظم پاکستان کا اپنے ملائیشین ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات نئی جہتوں پر ہیں، ملائیشیا کے تجربات سے استفادے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں۔حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، والہانہ استقبال پر ملائیشین صدر داتو سری اور وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملائیشیا ہمارا دوسرا گھر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انور ابراہیم نمایاں خصوصیات کی حامل شخصیت ہیں، ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انورابراہیم کا اہم کردار ہے، آپ کے تجربات سے استفادہ کے لئے مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں، دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انورابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات میں اضافے اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی، اس دورے سے باہمی تعلقات کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، غزہ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، بڑی تعداد میں پاکستانی طلبہ ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں، پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ 1957 سے برادرانہ تعلقات ہیں، وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے، تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے خطے میں امن وامان سے متعلق صورتحال پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، فلسطین کی سنگین صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی، خطے سمیت عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کی امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بارآور ثابت ہوں گی۔انور ابراہیم نے کہا کہ ہمارے خطے میں استحکام کیلئے پاک بھارت امن اہم ہے، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.