پاکستان اور بنگلہ دیش فضائیہ سربراہان کا دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

حال نیوز۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان اور بنگلہ دیش فضائیہ سربراہان کا دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق، بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ کی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات، جدید حربی چیلنجز سے مؤثر نمٹنے کیلئے بنگلہ ایئر فورس کو تعاون کی یقین دہانی‘کیڈٹس اور پائلٹس کوبنیادی سے اعلی سطحی ٹریننگ کی پیشکش، سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی کا عمل تیز اور اس سلسلے میں پاک فضائیہ مکمل تربیتی نظام کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔ چیف آف دی ایئر اسٹاف، بنگلہ دیش ایئر فورس، ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلی سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں فضائی افواج کے مابین آپریشنل تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں سربراہان نے باہمی تعاون کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں بالخصوص تربیتی مشقوں اور ایرو اسپیس صنعت میں پیش رفت کے شعبوں میں اشترا ک پر زور دیا گیا۔ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پاک فضائیہ کی حالیہ پیش رفت اور جدید صلاحیتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایئر چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے مذہبی اور تاریخی تعلقات قائم ہیں جو دونوں برادر ممالک کی افواج کے مابین مثالی عسکری تعاون کا مظہر ہیں۔ انہوں نے جدید حربی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے بنگلہ دیش ایئر فورس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ایئر چیف نے اس امر پر زور دیا کہ پاک فضائیہ بنگلہ دیش ایئر فورس کے کیڈٹس اور پائلٹس کے لیے بنیادی سے لے کر اعلی سطحی ٹریننگ کے وسیع مواقع فراہم کرے گی۔ پاکستان ایئر فورس کے مختلف تربیتی اداروں میں بنگلہ دیش ایئر فورس کے اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق بنگلہ دیش ایئر فورس کی تربیتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایئر چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ سپر مشاق تربیتی طیاروں کی فراہمی کے عمل کو تیز کیا جائے گا اور اس سلسلے میں پاک فضائیہ مکمل تربیتی نظام کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی تاکہ طیاروں کی بروقت شمولیت، بہترین عملی تیاری اور طویل المدتی معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔ بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ نے پی اے ایف کے شاندار حربی ریکارڈ اور مسلسل عملی برتری کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے وسیع عملی تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ حاصل کرنے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

بنگلہ دیش ایئر فورس کے چیف نے پی اے ایف کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی فضائیہ کے فضائی بیڑے کی تعمیر نو کے لیے معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش ایئر فورس کے ایئر ڈیفنس کے نظام کو مستحکم بنانے اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز کے انضمام میں پاکستان ایئر فورس کی معاونت بھی طلب کی۔ دونوں سربراہان کے مابین جے ایف-17تھنڈر طیاروں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جو دفاعی تعاون کے فروغ اور طویل المدتی شراکت داری کے روشن امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔ بنگلہ دیشی ایئر چیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک میں موجود جدید تکنیکی انفراسٹرکچر کو سراہا۔

آئی ایس آر، سائبر، خلائی ٹیکنالوجی، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ فضائی نظام کے شعبوں میں قائم جدید ترین سہولیات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ دورے کے دوران چیف آف دی ایئر اسٹاف، بنگلہ دیش ایئر فورس نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں اہم آپریشنل اور تزویراتی تنصیبات کا بھی دورہ کیا جن میں نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ شامل ہیں جہاں انہیں ابھرتے ہوئے حربی شعبوں میں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔ بنگلہ دیش کے اس اعلی سطحی دفاعی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور صلاحیت سازی و آپریشنل اشتراک پر مبنی تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.