پی آئی اے سمیت 24 سرکاری ادارے بیچنے کا فیصلہ کر لیا ہے، محمد اورنگزیب

حال نیوز۔۔۔۔۔۔حکومت پاکستان نے پی آئی اے سمیت 24 سرکاری ادارے بیچنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی آئی اے کی نجکاری رواں سال مکمل ہو جائے گی، ملک کی اقتصادی سمت کے ازسرنو تعین کے لیے ساختی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور اسٹریٹجک شراکت داریوں پر توجہ دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ردعمل کی پالیسی سازی سے نکل کر دوراندیش، اصلاحات پر مبنی نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 24سرکاری ادارے بیچنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری رواں سال مکمل ہو جائیگی۔

سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک کی اقتصادی سمت کے ازسرنو تعین کے لیے ساختی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور اسٹریٹجک شراکت داریوں پر توجہ دی جائے گی وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت میں نجی شعبے کا کردار نہایت اہم ہے اور پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پیداوار پر مبنی معاشی ترقی ہی پائیدار ترقی کا واحد راستہ ہے، پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا ہے دنیا بھر میں معاشی نظام بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے اور کئی ممالک اپنے معاشی ڈھانچے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کارپوریٹ منافع میں 9فیصد اضافہ ہوا ہے، حکومت عالمی سفارتی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مضبوط ایکو سسٹم فراہم کرتی رہے گی محمد اورنگزیب نے بتایا کہ گوگل پاکستان کو ایکسپورٹ حب بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے جب کہ حکومت کا فوکس آئی ٹی اور میری ٹائم سیکٹر پر ہوگا تاکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے مواقع بڑھائے جا سکیں ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر خزانہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے جس کی بیرونی سطح پر بھی تصدیق ہو چکی ہے کیوں کہ بڑی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی آوٹ لک میں بہتری کی ہے اور آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کے تحت دوسرے جائزے کا کامیاب اختتام ہو گیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.