حال نیوز۔۔۔۔۔ فرح عظیم شاہ رکن بلوچستان اسمبلی و صوبائی صدر بلوچستان عوامی پارٹی خواتین ونگ کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام کسی بھی قوم کے معمار اور مستقبل کے رہنماء ہوتے ہیں۔ اساتذہ کرام کسی بھی شخص کو صرف علم نہیں فراہم کرتے بلکہ اس شخص کی کردار سازی، برداشت، رواداری اور خدمتِ انسانیت کے جذبات کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اساتذہ کرام کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔
فرح عظیم شاہ رکن بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اساتذہ کی قربانیاں، محنت اور عزم ہی وہ بنیاد ہے جس پر معاشرے کی ترقی کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں اساتذہ کا کردار دوچند ہو جاتا ہے، جہاں وہ مشکلات اور وسائل کی کمی کے باوجود اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ حکومتِ بلوچستان اساتذہ کے مسائل کے حل، تعلیمی نظام کی بہتری، اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کی صوبائی صدر خواتین ونگ فرح عظیم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو قوموں کو مضبوط بناتی ہے، اور استاد اس طاقت کا اصل سرچشمہ ہے۔انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں، ان کی رہنمائی سے فائدہ اٹھائیں، اور علم کو محض حصولِ نوکری کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنی شخصیت اور معاشرے کی تعمیر کا وسیلہ بنائیں۔
رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے اپنے بیان میں تمام اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کی عزت و تکریم ہر دور میں ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ہم سب کو مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں استاد کا مقام سب سے بلند ہو۔